ڈی پی او جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی کی ہدایت پر ملزمان کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات
جھنگ (سٹاف رپورٹ)
ڈی پی او کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے ضلع بھر کے تمام تھانوں کی حوالات میں بند ملزمان کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم احکامات جاری کردئیے۔ انہوں نے تمام ایس ایچ اوز اور محرران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ حوالات میں بند افراد کے ساتھ قانون اور انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے مطابق سلوک کو یقینی بنائیں۔ڈی پی او جھنگ کا کہنا تھا کہ نفرت جرم سے ہے، انسان سے نہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ ہر تھانے میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، حوالات میں ائیر کولر مکمل فعال حالت میں ہوں تاکہ گرمی کے شدید موسم میں حوالاتیوں کو کسی اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید ہدایت دی کہ حوالات میں بند افراد کو صاف اور ٹھنڈا پانی بروقت مہیا کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ حوالاتیوں کے حوالے سے تمام قانونی تقاضے مکمل طور پر پورے کئے جائیں تاکہ کسی بھی انسانی یا قانونی حق تلفی کا امکان باقی نہ رہے۔