#بلاگ

ثمرباغ حنفیہ تاسنیزو سڑک کی تعمیر عوام کے لیے عذاب بن گئی، سلیم خان مہمند کا حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ

جندول (لیاقت سیماب درانی ) —ثمرباغ حنفیہ تا سینزو 6 کلومیٹر سڑک پر گزشتہ کئی مہینوں سے جاری ترقیاتی کام ثمرباغ کے عوام کے لیے وبالِ جان بن چکا ہے۔ شدید گرمی، ٹریفک جام اور گردوغبار نے خواتین، بچوں اور خاص طور پر مریضوں کو سخت اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق روڈ پر پانی کے چھڑکاؤ کا کوئی بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے آس پاس کی آبادی دوہری اذیت میں مبتلا ہے، جس کے باعث لوگوں میں سانس اور گلے کے امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

اس سنگین صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے تاجر رہنما اور سماجی کارکن سلیم خان مہمند نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “یہ صوبائی حکومت کی بدترین نااہلی ہے کہ دو ماہ گزرنے کے باوجود 6 کلومیٹر سڑک کا نصف حصہ بھی مکمل نہ ہو سکا۔ اتنی مدت میں تو اسلام آباد تا لاہور موٹر وے تعمیر ہو چکی تھی۔”

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سڑک کی تعمیر کا کام فوری طور پر تیز کیا جائے، جدید مشینری استعمال کی جائے، اور متعلقہ ٹھیکیدار و محکمے کو روزانہ دو سے تین مرتبہ سڑک پر پانی کے چھڑکاؤ کا سختی سے پابند بنایا جائے۔

سلیم خان مہمند نے انتباہ کیا کہ اگر تعمیری کام کی رفتار یہی رہی اور صفائی و چھڑکاؤ کا فوری بندوبست نہ کیا گیا تو عوام احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔

Leave a comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *