گذشتہ 34 سالوں میں مقبوضہ کشمیر میں 2 ہزار 352 خواتین شہید
مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 34 سالوں کے دوران بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں میں 96 ہزار 275 شہریوں کو شہید کیا جن میں 2 ہزار 352 خواتین بھی شامل تھیں۔
دنیا بھر میں آج خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا گیا جب کہ اس موقع پر کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خواتین پر ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ 34 سالوں میں بھارتی فوج نے 2 ہزار 352 کشمیری خواتین کو شہید کیا جب کہ 11 ہزار 259 خواتین کی بے حرمتی کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ کشمیری خواتین تنازعہ کشمیر سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں اور 1989 سے اب تک 22 ہزار 967 خواتین بیوہ ہوئی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبانے کے لیے مقبوضہ کشمیرمیں خواتین کی بے حرمتی کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔